Saturday, 28 December 2024, 07:08:50 pm
 
فتنہ الخوارج کیخلاف جنگ آخری خارجی کے خاتمے تک جاری رہے گی، ڈی جی آئی ایس پی آر
December 27, 2024

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف جنگ آخری خارجی کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے خاتمے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا اور اپنے شہریوں کو ہرقیمت پر تحفظ فراہم کیاجائے گا ۔

انہوں نے آج (جمعہ کو )راولپنڈی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی، فتنہ الخوارج اوران کے سہولت کاروں کے خلاف جنگ آخری خارجی کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں انہوں نے کہاکہ پوری قوم پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔

احمد شریف چوہدری نے کہاکہ رواں سال کے دوران دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کے خلاف خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انسٹھ ہزار سات سو پچھہتر کاررروائیاں کی گئیں انہوں نے کہاکہ ان کارروائیوں میں خوارج سمیت نو سوپچیس دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

کنٹرول لائن کی صورتحال سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور جعلی فلیگ آپریشن میں ملوث ہے لیکن ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی حکمرانوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و تشدد کا بازارگرم کررکھا ہے اورپاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کی منصفانہ اور جائز جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی' قانونی ' سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا بھارت دنیا کے مختلف ممالک میں سکھوں کو قتل کرنے سمیت عالمی سطح پر ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے۔

 ایک سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ نو مئی کے مجرموں کو سزائیں ملنے سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ ایسی کارروائیاں ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی انہوں نے کہا مستقبل میں بھی کوئی ایسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اسے بھی قانون اورآئین کے مطابق سزا دی جائے گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں احمد شریف چوہدری نے کہا کہ فوجی عدالتیں دہائیوں سے انصاف کے تمام تقاضے پورے کرتے ہوئے قانون اور آئین کے مطابق کام کررہی ہیں یہاں تک کہ عالمی عدالت انصاف نے بھی فوجی عدالتوں کی توثیق کر دی ہے انہوں نے کہا ملک سے باہر بیٹھے کچھ انتشار پسند فوجی عدالتوں کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کررہے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اس مذموم پراپیگنڈے اور سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کا شکار ہونے سے بچائیں انہوں نے کہا اس پر تشدد بیانیے کے بانی اورمعمار اصل مجرم ہیں انہوں نے کہا انصاف کا یہ عمل نو مئی واقعات کے منصوبہ سازوں اور اس میں ملوث تمام کرداروں کے انجام تک جاری رہے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں آئی ایس پی آر کے سربراہ نے واضح کیا کہ پاکستان کی فوج قومی فوج ہے اور یہ کسی سیاسی جماعت کی نمائندہ نہیں ہے انہوں نے کہا مسلح افواج تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کا احترام کرتی ہیں انہوں نے مسائل کے حل اور بات چیت کے ذریعے اختلافات ختم کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کو خوش آئند قرار دیا۔