Saturday, 28 December 2024, 06:39:53 pm
 
افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین سے دہشگردوں کی پناہ گاہیں ختم کرے، وزیراعظم
December 27, 2024

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے افغانستان کی عبوری حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرے۔

انہوں نے آج(جمعہ کو) اسلام آبا د میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے افغان علاقے سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جاری سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک طرف افغانستان کی پاکستان سے مذاکرات کی پالیسی جبکہ دوسری جانب ٹی ٹی پی کو پاکستان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی اجازت دینے کی پالیسی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کی خواہش کا اظہار کرچکا ہے۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کوناقابل قبول قراردیتے ہوئے افغان عبوری حکومت پر زوردیا کہ وہ اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کو پاکستان کے خلاف کارروائیوں سے روکے۔

پارہ چنار میں ادویات کی قلت کا مسئلہ حل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے علاقے میں ایک ہزار کلوگرام ادویات فراہم کیں۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کو فضائی ذریعے سے پارا چنار سے اسلام آباد لایا گیا اور اب وہ زیر علاج ہیں۔

شہبازشریف نے اجلاس کو آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فون پر اپنی بات چیت کے بارے میں بھی بتایا جس میں انہوں نے طیارے کے افسوسناک سانحے پر افسوس کا اظہار کیا جس میں اڑتیس افراد ہلاک اور چوبیس زخمی ہوئے تھے۔