Sunday, 29 December 2024, 08:15:12 am
 
وزیراعظم کی انسانی سمگلنگ میں ملوث تمام افراد کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت
December 28, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے انسانی سمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کو ایک ہفتے میں گرفتارکرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد میں انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے جائز ہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ انسانی سمگلروں کے خلاف قانونی کارروائی کو زیادہ موثر بنایا جائے۔

وزیراعظم نے استفسار کیا کہ انسانی سمگلنگ کے سہولت کار سرکاری اہلکاروں کے خلاف اب تک کیوں کارروائی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے تمام افراد کے ویزوں کی جانچ پڑتال اور دوسرے قواعد کو بھی زیادہ موثر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک سے انسانی سمگلنگ کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔

شہبازشریف نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کا مستقل حل تلاش کرنے کیلئے وزیر داخلہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کو ملک میں انسانی سمگلنگ کے خلاف کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔