وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں چین کے نائب وزیر خزانہ لیا من سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کی حکومت
کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا مقصد چینی مارکیٹ میں ایک افتتاحی پانڈا بانڈ متعارف کروانا ہے تاکہ پاکستان کے مالیاتی شعبے کو متنوع بنایا جا سکے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت چینی کارکنوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
فریقین نے آن لائن ادائیگیوں کے تصفیے اور دونوں ممالک کے ادائیگی کے نظام کے انضمام کی ضرورت پر زور دیا۔
ادھرگوگل کے نائب صدر اور حکومتی امور اور عوامی پالیسی کے عالمی سربراہ کرن بھاٹیہ نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران کرن بھاٹیہ نے پاکستان میں گوگل کی حالیہ سرگرمیوں اور مصروفیات کا ایک جائزہ پیش کیا اور ملک میں سرمایہ کاری کو وسعت دینے اور ٹھوس اقتصادی شراکت کرنے کے ان
کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ریجنل صدر برائے ویزا اینڈریو ٹورے سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران، وزیر خزانہ نے پاکستان کے ادائیگیوں کے نظام کو جدید بنانے کے عزم کو سراہا، جس میں ون لنک جیسے ملکی ادائیگی کے نظام کیلئے تعاون بھی شامل ہے۔