Sunday, 05 January 2025, 05:26:42 am
 
وزیراعظم کا برآمدات پر مبنی ترقی یقینی بنانے کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور
January 02, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے برآمدات پر مبنی ترقی یقینی بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر زوردیا ہے تاکہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پرگامزن کیاجاسکے۔

انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے گیارہویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ برآمدات پر مبنی ترقی کیلئے معاشی وسیاسی استحکام ناگزیر ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت اس مقصد کے حصول کیلئے بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی کرنے پر کام کررہی ہے  انہوں نے کہاکہ محاصل اکٹھے کرنے اور ٹیکس کے نظام میں بڑے پیمانے پر نقصانات سے بچنے کیلئے قوانین کا نفاذ انتہائی ضروری ہے ۔

شہبازشریف نے کہاکہ امن اورسلامتی یقینی بنائے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں  انہوں نے کہا بدقسمتی سے ملک میں دہشت گردی پھر سر اٹھارہی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے  انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج اورقانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی قربانیوں کی تعریف کی ۔

وزیراعظم نے معاشی استحکام کیلئے حکومت کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دوہزار اٹھارہ کے بعد مہنگائی کی شرح کم ہوکر چاراشاریہ ایک فیصد پر آگئی ہے  جبکہ گزشتہ پانچ ماہ میں ترسیلات زرمیں چونتیس فیصد اضافہ ہوا ہے  انہوں نے کہاکہ برآمدات بڑھ رہی ہیں اور غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر چار ارب ڈالر سے بڑھ کر ساڑھے بارہ ارب ڈالر ہوگئے ہیں ، اسی طرح پاکستان سٹاک ایکس چینج میں تاریخی تیز ترین کاروباری رجحان ریکارڈ کیاگیا ۔

شہبازشریف نے کہاکہ چاول کی برآمدات چار ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جبکہ چینی کی برآمدات سے تقریباً پچاس کروڑ ڈالرکی آمدن متوقع ہے  انہوں نے کہاکہ افغانستان کو سمگلنگ کی روک تھام کی وجہ سے چینی کی برآمد ممکن ہوئی اور چینی اضافی مقدار میں برآمد کی گئی ۔

وزیراعظم نے پارا چنار میں امن معاہدے کرانے میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کو بھی مبارک باد دی ۔

اس سے پہلے شہبازشریف نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اورنئے سال کے موقع پر اپنی نیک خواہشات کا اظہارکیا ۔