سندھ حکومت اور عالمی بینک نے کراچی میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کے لیے تیز رفتار لائحۂ عمل پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاقِ رائے کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما آمگابازار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا۔
ملاقات میں کراچی میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی خدمات کی بہتری کے منصوبے پر پیش رفت اور اس پر عمل درآمد میں درپیش اہم چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور کراچی میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے پانی کی فراہمی، صفائی و ستھرائی اور عوامی خدمات میں دیرپا بہتری لانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا اور ان اصلاحات کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے سندھ حکومت کے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔