وزیراعظم محمد شہبازشریف نے معاشی استحکام کے حصول تجارت کے فروغ اور ایک ترقی پسند اور پرعزم قوم کے طور پر پاکستان کی تعمیر نو یقینی بنانے کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں 6 سٹار پوٹل موون پک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معاشی ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہوگیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا یہ پاکستان کیلئے قابل فخر لمحہ ہے کہ ایک جدید ترین بین الاقوامی ہوٹل قائم ہوا ہے۔
انہوں نے قومی تعمیر کی کوششوں پر سینٹورس گروپ کو سراہا اور پاکستان میں بین الاقوامی سطح کے ہوٹل کے قیام پر موون پک کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے معاشی ترقی کی بحالی کیلئے کاروباری افراد کو کاروبار اور تجارت کرنے کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی موجودہ حکومت کی بھرپور کوششوں کا یقین دلایا۔
شہبازشریف نے کہا کہ مہنگائی کی شرح پانچ فیصد سے بھی کم ہے اور حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے صنعتی، زرعی اور برآمدی شعبوں کے استحکام کیلئے حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے کام کررہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اداروں کی ڈاون سائزنگ اور رائٹ سائزنگ پر بھرپور انداز میں کام کررہی ہے۔
پی آئی اے کی نجکاری کے بارے میں انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو نیلامی کے شفاف عمل میں حصہ لینے کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے حکومت کی جاری کوششوں کواجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار میں آسانی کے حوالے سے بہتری کیلئے جلد اقدامات کیئے جائیںگے۔