وزیراعظم شہبازشریف نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے قانونی لائحہ عمل مزید مستحکم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں انسداد انسانی سمگلنگ کیلئے تشکیل دی گئی ٹاسک فورس کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزارت داخلہ اور وزارت قانون وانصاف سے کہا کہ وہ قانونی لائحہ عمل میں بہتری کیلئے تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ فیڈرل پراسیکیوشن ایکٹ 2023 پر عملدرآمد تیز کیا جائے۔
وزیراعظم نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ہدایت کی کہ وہ انسانی سمگلرز کی حوالگی میں سہولت دینے کیلئے وزارت خارجہ کو تحقیقات میں جمع کی گئی معلومات فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کی اجتماعی کوششوں اور تعاون کے ذریعے ہی انسانی سمگلنگ کا مکمل خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔
مراکش میں کشتی ڈوبنے کے افسوسناک حادثے سے متعلق وزیراعظم نے تصدیق کی کہ ستائیس انسانی سمگلرز کی نشاندہی ہوئی ہے اور پانچ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔