Thursday, 30 January 2025, 12:56:10 am
 
وزیراعظم کا کشتی حادثے کے بعد معاونت فراہم کرنے پر مراکش کے حکام سے اظہار تشکر
January 27, 2025

وزیراعظم محمد شہبازشریف سے مراکش کے سفیر محمد کرمون نے وزیراعظم ہاؤس میں  ملاقات کی۔ 

وزیراعظم نے مراکش کے بادشاہ، شاہ محمد ششم اور مراکش کی حکومت کی جانب سے دخیلہ کے ساحل پر کشتی الٹنے کے واقع میں بچ جانے والے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو بچانے کے لیے فراہم کی جانے والی معاونت کو سراہا۔

انہوں نے مراکش کے مقامی حکام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے لواحقین اور جاں بحق ہونے والوں کے جسد خاکی کی وطن واپسی میں شامل پاکستانی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔

پاکستان اور مراکش کے درمیان شاندار تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان خیر سگالی کا ذکر کرتے ہوئے عوامی روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔

مراکش کے سفیر نے مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا اور یقین دلایا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جاسکیں۔