Thursday, 30 January 2025, 01:10:40 am
 
وزیراعظم کا جاپان کیساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ
January 27, 2025

وزیراعظم محمد شہبازشریف سے پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر اکاماٹسو شوچی نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان خیر سگالی کا رشتہ ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کی تاریخ کا ذکر کیا اور پاکستان کی اقتصادی اور صنعتی ترقی کی کوششوں کے لیے جاپان کی حمایت کو سراہا۔

وزیراعظم نے جاپان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

جاپان کے سفیر نے پاکستان کے ترقیاتی اہداف کی حمایت اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔

گزشتہ سال جاپان اور پاکستان کے درمیان اوورسیز ڈیولپمنٹ اسسٹنس (ODA) کے 70 سال پورے ہونے کا ذکر کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ جاپان پاکستان کی ترقی میں اپنی شراکت داری جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔