Friday, 03 January 2025, 06:50:09 am
 
وزیراعظم کا پشاور میں5دہشت گردوں کے خاتمے پر سکیورٹی فورسز کی تحسین
May 26, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں ایک کامیاب کارروائی میں پانچ دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی زندگیاں داؤ پر لگاکر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی۔

انہوں نے پاکستانی سرزمین سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔شہبازشریف نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم شہداء کو خراج عقیدت اورسلام پیش کرتی ہے۔