Thursday, 28 March 2024, 08:16:53 pm
وزیراعظم کا ملک سے دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کے عزم کا اعادہ
May 26, 2023

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے استحکام اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے حکومت اور عوام مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔وہ راولپنڈی میں یادگار شہداء کے دورے کے دوران گفتگو کررہے تھے۔وزیراعظم نے یادگار پر پھول چڑھائے اور شہداء کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے کہاکہ ہم آج ان عظیم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ہم ایک قوم کی حیثیت سے 9 مئی کے واقعے کو فراموش نہیں کریں گے جب بدقسمتی سے ایک فرد نے اپنے جتھوں کو اکسایا جنہوں نے شہداء اور غازیوں کی بے حرمتی کی اور فوجی تنصیبات پر حملے کئے۔وزیراعظم نے کہاکہ ان بہادر شہداء نے برف پوش پہاڑوںپر میدانوں اور صحرائوں میں دشمن کا مقابلہ کیا اور ملک کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان شرپسندوں کو ہم قانون کے مطابق کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا اور مستقبل میں ایسے مذموم واقعات کو دہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، اطلاعات و نشریات کی وزیر مریم اورنگزیب اور بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر بھی اس موقع پر موجودتھے۔