Friday, 09 May 2025, 09:44:34 am
 
پاکستان کی معیشت نے توقع سے زیادہ تیزی سے ترقی کی ہے، بلومبرگ
March 26, 2025

بلوم برگ نے جسے کاروباری اور مالیاتی اطلاعات میں عالمی سطح پرسرکردہ حیثیت حاصل ہے' کہا ہے کہ گزشتہ سال کی آخری سہ ماہی میں پاکستان کی معیشت نے توقع سے زیادہ تیزی سے ترقی کی ہے۔

ادارے نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ شرح منافع میں کمی اور آئی ایم ایف سے رقوم کی ترسیل کی بدولت معیشت نے ترقی کی ہے۔

بلوم برگ نے پاکستان کے ادارہ شماریات کی جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر تک کے تین مہینوں میں مجموعی ملکی پیداوار میں ایک اعشاریہ سات تین فیصد اضافہ ہوا ہے جو ایک اعشاریہ پانچ فیصد اضافے سے زیادہ ہے جس کی پیش گوئی بلوم برگ کے سروے میں ماہرین معیشت نے کی تھی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے رقوم کی وصولی کی بدولت گزشتہ چند مہینے میں پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ افراط زر میں کمی سے مرکزی بینک سٹیٹ بینک آف پاکستان کو بنچ مارک شرحوں میں نمایاں کمی کرنے کاموقع میسر آیا ہے۔

سٹیٹ بینک نے جون میں ختم ہونے والے مالی سال کیلئے معیشت میں ڈھائی فیصد سے ساڑھے تین فیصد تک اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔