Wednesday, 25 November 2026, 09:19:41 am
 
سیاسی استحکام کے لیے پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے عوامی خدمت پر توجہ دینا ہوگی، عطا اللہ تارڑ
November 24, 2026

وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے لیے پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے عوامی خدمت اور عملی اقدامات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے آج اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق عوامی رائے لینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ اگر عوامی رائے نئے صوبوں کے حق میں ہو تو ان کا قیام عمل میں لایا جائے، بصورتِ دیگر اس تجویز پر عمل نہ کیا جائے۔ عطا اللہ تارڑ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مناسب وقت آنے پر اس معاملے کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

وزیرِ اطلاعات نے ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ بہتر روابط رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور وہ پاکستان میں اپنے دفاتر بھی قائم کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ پلیٹ فارمز اپنے قواعد و ضوابط کو ملکی قوانین کے مطابق ڈھال لیں تو صورتِ حال میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔