پاکستان کا خلائی خواب حقیقت کے قریب پہنچ گیا ہے اور ملک کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کی تاریخی پرواز کا وقت آن پہنچا ہے، جس کے ساتھ ہی وہ کل پاکستان کی تاریخ میں خلائی سفر کا نیا باب رقم کریں گے۔
محمد ذیشان علی کل چین کے جیوچوان خلائی مرکز سے تاریخی خلائی مشن پر روانہ ہوں گے۔ پاکستانی وقت کے مطابق خلائی مشن کی پرواز کا مرحلہ صبح پانچ بجے جیوچوان خلائی مرکز سے شروع ہوگا، جبکہ پرواز سے قبل الوداعی تقریب آج رات منعقد ہوگی۔
خلائی پرواز کے چار سے پانچ گھنٹے بعد محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن ’’تیانگونگ‘‘ میں داخل ہوں گے، جہاں وہ دو چینی خلا بازوں کے ہمراہ تقریباً ایک ہفتہ گزاریں گے اور مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔
پاکستانی خلا باز کی یہ تاریخی پرواز ملک کے خلائی سفر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی اور اس سے پاکستان کا نام عالمی خلائی تحقیق میں نمایاں ہوگا۔