نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ریلوے نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور تجارتی لحاظ سے قابلِ عمل بنانے کے لیے نجی شعبے کی شراکت داری کی حوصلہ افزائی پر زور دیا ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں پاکستان ریلویز کی بحالی اور تنظیمِ نو پر پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اسحاق ڈار نے متعلقہ وزارتوں اور مالیاتی اداروں کو مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبے کے لیے مؤثر مالیاتی انتظامات کرنے اور اس حوالے سے جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور خدمات کی فراہمی کو بہتر کرنے کے لیے مالیاتی آپشنز اور ادارہ جاتی اصلاحات پر غور کیا گیا۔
شرکا نے پاکستان ریلویز کو پائیدار مالیاتی بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے ملکی اور بین الاقوامی فنڈنگ کے مختلف ذرائع کا بھی جائزہ لیا۔