وزیراعظم شہباز شریف نے آسان خدمت مرکز کے قیام اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے تیسرے فریق کے ذریعے آڈٹ کرانے میں آذربائیجان کی اہم معاونت کو سراہا ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں آذربائیجان کے چار رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے، جس کی قیادت آذربائیجان کے صدر کے ماتحت اسٹیٹ ایجنسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویشنز کے چیئرمین علوی مہدیوف نے کی۔
وزیراعظم نے آسان خدمت مرکز کو ایک تاریخی اقدام اور عوامی خدمت کی بہترین سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ہی چھت تلے شہریوں کو متعدد سرکاری خدمات کی فراہمی کا شاندار منصوبہ ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ملک بھر میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لیے صوبائی حکومتوں سے تعاون کریں۔