Tuesday, 23 June 2026, 01:17:13 am
 
پاکستان عالمی مسائل کے پرامن حل کیلئے اپنا کردارجاری رکھے گا،وزیراعظم
June 22, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان موجودہ عالمی صورتحال کے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے پرامن اور دیرینہ حل کیلئے اپنا مخلصانہ کردار جاری رکھے گا۔

انہوں نے ایکس ہینڈل پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ الحمدللہ، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے لائحہ عمل کے تحت اعلی سطح کی کمیٹی کا پہلا اجلاس سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن سٹاک میں کامیابی سے ختم ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئے اور ان میں ساٹھ روزمیں حتمی معاہدے کے لیے لائحہ عمل پر اتفاق،سیاسی نگرانی کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی کے قیام اور تکنیکی مذاکرات کے اگلے دور کے آغاز میں حوصلہ افزا پیشرفت ہوئی ہے۔

وزیراعظم نے تعمیری مذاکرات کیلئے بھرپور کوششوں پر امریکہ اور ایران کی قیادت کو سراہا اور اس تاریخی عمل کو آگے بڑھانے میں ان کی قابل قدر حمایت پر تمام برادر ملکوں کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے ان مذاکرات کیلئے ساز گار حالات بنانے میں اہم کردار ادا کرنے پر برادر ملک قطر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری پر سوئس حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک کوششوں سے یہ مذاکرات کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی لگن، عزم اور ثابت قدمی قابلِ ستائش ہے اور ان کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔

انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دفتر خارجہ کی ٹیم کی سفارتی کوششوں پر بھی ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی محنت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان مذاکرات کی کامیابی میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔