Tuesday, 23 June 2026, 01:17:52 am
 
وزیر مذہبی امور نے آج آئندہ سال حج کیلئے اندراج کے عمل کا آغازکر دیا
June 22, 2026

مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر سردار محمد یوسف نے آئندہ سال حج کیلئے رجسٹریشن کے عمل کا باضابطہ طور پر آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے آج اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے حج کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا ہے تاکہ شفافیت، سہولت اور تیز تر خدمات کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر مذہبی امور نے کہا کہ آئندہ سال حج کے لیے رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہوگی اور اس کیلئے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن ''پہلے آئیے، پہلے پائیے''کی بنیاد پر ہوگی اور اسے سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ رجسٹریشن کے بغیر حج 2027 کے لیے کوئی درخواست جمع نہیں کرائی جا سکتی۔

سردار محمد یوسف نے واضح کیا کہ حج کے خواہشمندوں کے پاس ایک درست پاسپورٹ ہونا ضروری ہے جس کی میعاد کم از کم چھبیس نومبر دو ہزار ستائیس تک ہو انہوں نے مزید واضح کیا کہ آئندہ سال کے حج کے لیے رجسٹریشن پاسپورٹ کے بغیر بھی ہو سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک ہی خاندان کے افراد مشترکہ طور پر رجسٹریشن کرا سکیں گے، جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی کسی بھی ملک سے اپنی رجسٹریشن کرا سکیں گے۔

سردار محمد یوسف نے اس امر پر زور دیا کہ رجسٹریشن گھر بیٹھے آن لائن پورٹل یا موبائل ایپ "پاک حج" کے ذریعے بھی مکمل کی جا سکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حج کوٹہ میں اضافے کے لیے سعودی حکومت سے بات چیت جاری ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سال کا حج ملکی تاریخ کا کامیاب ترین حج ثابت ہوا اور پاکستانی عازمین حج انتظامات سے بے حد مطمئن تھے۔