Tuesday, 23 June 2026, 01:16:01 am
 
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کل پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے
June 22, 2026

فائل فوٹو

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کل پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

ایرانی صدر یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام سمیت اعلی سطح کا ایک وفد بھی ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ہمراہ ہو گا۔

دورے کے دوران وہ صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم شہباز شریف سے بات چیت کریں گے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ایرانی صدر سے ملاقات کریں گے۔

ایران کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہوگا۔

دورے کے دوران فریقین دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی، عوامی سطح پر وفود کے تبادلے اور خطے کو منسلک کرنے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے نئی راہیں تلاش کریں گے۔

دورہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد باہمی دلچسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال سمیت جاری سفارتی روابط پر بھی بات چیت کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔

یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے مشترکہ عزم کی عکاسی اور خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے ان کی مشترکہ خواہش کو اُجاگر کرتا ہے۔