وزیراعظم شہباز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے ملکر کام کریں۔
وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے اسلام آباد میں اُن سے ملاقات کی۔
وفد میں سینٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، سید خورشید شاہ، سید نوید قمر اور شیری رحمان شامل تھے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے قومی سیاست کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ 2024-25 کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مزید مشاورت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ معاشی اشاریے مثبت ہیں جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی آئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں اور کمیٹیوں کے ذریعے مزید مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔