Sunday, 20 September 2026, 10:22:25 pm
 
توانائی کے شعبے کو مسابقتی بجلی مارکیٹ میں تبدیل کرنے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے، اویس لغاری
September 20, 2026

وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان کے توانائی کے شعبے کو واحد خریدار ماڈل سے بجلی کی مسابقتی مارکیٹ میں تبدیل کرنے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔

آج ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ توانائی ڈویژن نے پاکستان کی پہلی الیکٹریسٹی وھیلنگ کی نیلامی کے لیے تجاویز طلب کی ہیں۔

مسابقتی تجارتی دو طرفہ کنٹریکٹ مارکیٹ طریق کار کے تحت تجارتی اور صنعتی صارفین مسابقتی بنیادوں پر بجلی گھروں سے براہ راست بجلی خرید سکیں گے۔

توانائی ڈویژن نے نیلامی میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں سے تجاویز طلب کی ہیں جس کے تحت اگلے پانچ برسوں کے دوران آٹھ سو میگاواٹ سے زائد بجلی کی نیلامی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

پہلے مرحلے میں مسابقتی خریداری کے لیے چارسو میگاواٹ بجلی کی پیشکش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت حکومت کے پاس نہ تو بجلی بیچنے کا حق ہو گا اور نہ ہی وہ روایتی انداز میں بجلی گھروں سے بجلی کی خریداری کر سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی پیدا کرنے والے اور استعمال کرنے والے بجلی کی براہ راست خرید و فروخت کر سکیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ نظام ابتدائی طور پر صنعتی اور بڑے صارفین بالخصوص ایک میگاواٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والوں پر نافذ العمل ہوگا۔