Sunday, 20 September 2026, 03:03:50 pm
 
صدر، وزیراعظم کا قلات میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
September 20, 2026

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قلات کے قریب پاکستان ہائی وے پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

انہوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرانے اور ٹرکوں، بسوں اور دوسری گاڑیوں کی برآمدگی پر بھی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت فیصلہ کن انسداد دہشت گردی کارروائیاں ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔