نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئے خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے موقع پر وزرائے خارجہ کی سطح پر فلسطین پر او آئی سی کی چھ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے اجلاس کی صدارت کی۔وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔اجلاس میں فلسطین، ترکی، گنی، ملائیشیا اور سینیگال کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیر خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں بشمول مقبوضہ بیت المقدس بالخصوص مسجد اقصیٰ اور الحرام الشریف کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی جن میں معصوم شہریوں کا قتل، مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنا، غیر قانونی بستیوں کی توسیع، آباد کاروںپر تشدد اور غزہ کی پٹی پر فضائی حملوں کی شدید مذمت کی جو انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔