صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے چھاتی کے سرطان سے متاثرہ خواتین میں وسیع تر آگاہی ، مرض کی تشخیص، علاج اور دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
آج منائے جانیوالے چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ چھاتی کا سرطان پاکستان میں ہزاروں خاندانوں کو متاثر کرتا ہے اور اس کے اثرات خاندانوں پر جذباتی اور سماجی دبائو کا باعث بنتے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دن خواتین کو اپنی صحت پر توجہ دینے اور کسی جسمانی تبدیلی یا تشویش کی صورت میں مناسب طبی مشورہ لینے کی اہمیت یاد دلانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ چھاتی کے سرطان کی جلد تشخیص اور علاج کو فروغ دینے کیلئے ایک جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہے کہ کسی بھی پاکستانی خاتون کو جغرافیائی محلِ وقوع یا مالی مشکلات کے باعث بروقت اور معیاری علاج سے محروم نہ رہنا پڑے۔