Tuesday, 20 October 2026, 03:58:38 am
 
وزیر خزانہ کا گیس کے شعبے میں اصلاحات آگے بڑھانے کے حکومتی عزم کا اعادہ
October 19, 2026

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت آج اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں گیس کے شعبے میں مرحلہ وار اور مشاورت کے ذریعے اصلاحات آگے بڑھانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرِ خزانہ نے اس سلسلے میں اصلاحات کے ایک قابلِ عمل منصوبے پر تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔

اجلاس میں پاکستان کے گیس کے شعبے کی مجوزہ تنظیمِ نو اور ڈی ریگولیشن کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا، جس میں مالی استحکام، عملی کارکردگی، صارفین کی فلاح و بہبود اور نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر توجہ دی گئی۔

مجوزہ اصلاحات کا مقصد مالی طور پر پائیدار، موثر اور مسابقتی گیس مارکیٹ قائم کرنا ہے، جو کاروباری سرگرمیوں میں معاونت دے، نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے اور صارفین کی فلاح و بہبود کا تحفظ یقینی بنائے۔

اجلاس میں موثر انتظام، عملی کارکردگی میں بہتری اور گیس کی قیمتوں اور فراہمی کے لیے زیادہ پائیدار طریقہ کار کے ذریعے مرحلہ وار مسابقت بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔