Tuesday, 20 October 2026, 03:57:47 am
 
حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کیلئے اولین ترجیح ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر
October 19, 2026

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سا لمیت اور بالخصوص حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کیلئے اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔

انڈیپنڈنٹ عربیہ کو ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے زور دیا کہ اس حوالے سے پاکستان کا موقف بالکل واضح اور دو ٹوک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے جس تعاون کی ضرورت ہے، وہ فراہم کیا جا رہا ہے اور آئندہ بھی فراہم کیا جائے گا۔

مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے مختصر عرصے میں اس اتحاد کے ارتقا کو غیر معمولی قرار دیا۔

انہوں نے تینوں ممالک کے درمیان دہائیوں اور حتیٰ کہ صدیوں پرانے تعلقات کو اجاگر کیا، جن کی بنیاد باہمی اعتماد اور احترام پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک اپنے عوام اور خطے میں امن و استحکام اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔

انہوں نے اتحاد کے جنرل سیکرٹریٹ اورسٹرٹیجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے قیام کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے عملی اثرات زمینی سطح پر بھی نظر آ رہے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے جس کا بنیادی مقصدخطے میں امن و استحکام اور سلامتی کو فروغ دینا ہے ۔