مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو پاکستانی قیادت کیساتھ بات چیت کیلئے کل سے پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
خاتونِ اول ساجدہ محمد، کابینہ کے وزراء اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔
دورے کے دوران صدر محمد معیزو اپنے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے جو ان کے اعزاز میں سرکاری عشائیے کی میزبانی بھی کریں گے۔
مالدیپ کے صدر وزیراعظم شہباز شریف سے معاونین کے بغیر اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کریںگے۔
دونوں رہنماء باہمی تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیں گے اور تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، سیاحت، زراعت، دفاع، بحری سلامتی، موسمیاتی تبدیلی اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مستحکم بنانے کے مواقع تلاش کریں گے۔