Tuesday, 20 October 2026, 03:56:35 am
 
فیلڈ مارشل ، سعودی سفیر کی علاقائی سلامتی کی صورتحال پر گفتگو
October 19, 2026

پاکستان میں نو تعینات سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی نے آج راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے لائحہ عمل کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی اور تزویراتی روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے سعودی سفیر کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور یقین ظاہر کیا کہ بطور سفیر اُن کی مدت دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ عقیدے، باہمی اعتماد اور تزویراتی شراکت داری پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔