Tuesday, 20 October 2026, 03:57:46 am
 
نائب وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے تاجکستان روانہ ہوگئے
October 19, 2026

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہانِ حکومت کونسل کے آج سے شروع ہونے والے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کے لیے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے روانہ ہو گئے ہیں۔

اجلاس میں بیلاروس، چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم، ایران کے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔

سربراہانِ حکومت کونسل شنگھائی تعاون تنظیم کا دوسرا اعلی ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے، جو معیشت، خزانہ، تجارت، روابط، کاروبار، سماجی و اقتصادی تعاون اور تنظیم کے بجٹ سے متعلق امور میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

کونسل کے اجلاس میں ایک مشترکہ اعلامیے اور اہم فیصلوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔

نائب وزیراعظم سربراہانِ حکومت کونسل کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ تاجکستان کی قیادت اور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔