Monday, 19 May 2025, 04:50:03 pm
 
سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ کی لاس اینجلس میں یومِ تشکر کی تقریب میں شرکت
May 19, 2025

 امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے لاس اینجلس میں "فرینڈز آف پاکستان" کے زیرِ اہتمام منعقدہ "یومِ تشکر" کی خصوصی تقریب میں شرکت کی، جس میں کیلیفورنیا اور نیواڈا سمیت مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد امریکی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔

شرکاء نے سفیرِ پاکستان کا پرتپاک استقبال کیا اور کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم "فرینڈز آف پاکستان" کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

سفیر رضوان سعید شیخ نے اپنے خطاب میں فرینڈز آف پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ایک پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے سائنس، ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت، اور تجارت کے شعبوں میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری کو سراہا اور وطنِ عزیز کے دفاع میں ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی حمایت اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ "یومِ تشکر" دراصل قومی فخر، وقار، اور اتحاد کی علامت ہے۔

سفیر نے جنوبی ایشیا میں حالیہ جنگ بندی کی کوششوں میں امریکی حکومت کے تعمیری کردار کو سراہا اور جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کے لیے امریکہ کے مثبت کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

تقریب کے دوران سفیر شیخ نے مختلف کمیونٹی ارکان سے ملاقات کی اور پاکستان و امریکہ کے مابین دوطرفہ تعاون، خاص طور پر معیشت، ثقافت اور عوامی روابط کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا۔