Monday, 19 May 2025, 03:09:52 pm
 
کشمیر کے تنازع کا حل علاقائی امن کے لیے ضروری ہے، رضوان سعید شیخ
May 19, 2025

پاکستانی کمیونٹی کی معروف تنظیم "کونسل آف پاکستان" نے امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں مختلف وفاقی، ریاستی، مقامی منتخب عہدیداران اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں جنوبی ایشیا میں بدلتی ہوئی صورتِ حال، امن و استحکام کی اہمیت اور "بنیان مرصوص" کے قومی اتحاد کے تصور پر زور دیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کیا اور کہا کہ پائیدار ترقی صرف امن اور مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔

سفیر نے امریکہ کے تعمیری کردار کو سراہا اور پاکستان امریکہ تعلقات میں مزید تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان پُل کا کردار ادا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب کے دوران امریکی عہدیداران نے بھی خطاب کیا، جنہوں نے پاکستان-امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔ تقریب کا اختتام اتحاد اور مشترکہ مقاصد کے پیغام کے ساتھ ہوا۔