سینیٹ کے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے تعلیمی نصاب کو جدید تقاضوں سے اور ملازمتوں کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے آج(اتوار کو) اسلام آباد میں ایک نجی یونیورسٹی کی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور ان کی صلاحیتوں سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی، آگاہی کی فراہمی اور لوگوں میں شعور اُجاگر کرنے کیلئے تعلیم ایک اہم ذریعہ ہے۔
جدید ٹیکنالوجی اختیار کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے طلباء پر زور دیا کہ وہ رسمی تعلیم کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت حاصل کریں تاکہ ان کی مہارت میں اضافہ ہو اور وہ روزگار حاصل کر سکیں۔
گیلانی نے معیاری تعلیم کی فراہمی اور نوجوانوں کی ترقی میں مدد دینے پر نجی شعبے کے اہم کردار کو سراہا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اپنی ڈگریوں کی کامیابی سے تکمیل پر گریجوایٹس کو مبارکباد دی اور ان کے مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔