صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی برادری پر زوردیاہے کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لئے کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کی اجازت دے۔
صدرآصف علی زرداری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ یہ دن بین الاقوامی برادری کی مظلوم کشمیری عوام کے بارے میں ذمہ داری کی یاددلاتاہے۔ .
انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کو کشمیریوں سے اٹھہترسال قبل کئے گئے حق خودارادیت کے وعدے کی حمایت کرنی چاہیے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حق خودارادیت بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے لیکن کشمیری عوام اٹھہترسال گزرنے کے باوجود یہ حق استعمال نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
دریں اثناء چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان اور پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی
منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی جاری سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتی ہیں۔
بھارت کی جانب سے یہ خلاف ورزیاں عالمی قوانین، انسانی اصولوں اوربنیادی انسانی حقوق سے انحراف کے واضح ثبوت ہیں۔