Wednesday, 05 February 2025, 11:50:43 am
 
یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہاہے
February 05, 2025

یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہاہے جس کا مقصد پاکستانی قوم کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اظہار کرنا ہے۔

یہ دن مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے منایا جاتا ہے۔آج عام تعطیل ہے۔

اس دن کے سلسلے میں ملک بھر اور آزاد کشمیر میں یکجہتی واکس کا اہتمام کیا گیاہے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر دفتر خارجہ سے ایک ریلی نکالی گئی۔

شرکاء نے کشمیریوں کی حمایت میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

انہوں نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری لوگوں کے خلاف بھارتی ظلم و زیادتیوں کو دکھایا گیا تھا۔

شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے  سائرن بجائے   گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گی۔

کشمیریوں کی حالت زار کواجاگر کرنے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے اہم شاہراہوں، ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنز کے اطراف میں پوسٹرز اور بل بورڈز بھی لگائے گئے ہیں۔

مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہوگا جس میں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیرکے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا جو گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی مظالم برداشت کر رہے ہیں۔پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے علاقوں منگلا' کوہالہ' برار کوٹ' آزاد پتن اور HOLAR پر انسانی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی۔

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے میرپور میں منگلا پل پر بھی ایک تقریب ہو گی۔

کوٹلی اور بھمبر کے اضلاع میں بھی ایسی تقریبات ہوں گی۔