Wednesday, 18 November 2026, 12:12:22 am
 
پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط
November 17, 2026

نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید میردوف نے پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے پروٹوکول اور دو ہزار چھبیس سے دو ہزار تیس کیلئے دونوں ممالک کی خارجہ وزارتوں کے درمیان تعاون کے پروگرام پر دستخط کردیے ہیں۔

دستخطوں کی تقریب آج اسلام آباد میں پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے اختتام پر ہوئی۔

فریقین نے پاکستان کی بین الصوبائی رابطے کی وزارت اور ترکمانستان کی وزارت ثقافت کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا۔

یہ معاہدے ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے، سفارتی روابط برقرار رکھنے اور سیاحت و عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔