وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو تجارت اور سامان کی ترسیل کا علاقائی مرکز بنانے کے لیے ملک کی بندرگاہوں کی استعدادِ کار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وہ اسلام آباد میں بندرگاہوں اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن سے متعلق امور کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بندرگاہیں ملک میں کاروبار اور معاشی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے بندرگاہوں سے متعلق تمام اداروں کو قریبی رابطے میں رہ کر کام کرنے اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جامع حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لیے سامان کی نقل و حمل، کلیئرنس اور بندرگاہوں سے متعلق دیگر امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر بھی زور دیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے لیے کاروباری ترقی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس میں جہازوں کے بیڑے میں توسیع اور افرادی قوت کے انتظام کو بہتر بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔