پٹرولیم کے وزیر علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیوں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی کا جامع منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بات خیبر پختونخوا کے توانائی کے وزیر نذیر احمد عباسی سے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث گیس کی فراہمی دباؤ کا شکار ہے اور صورتحال بہتر ہونے کے بعد گیس کی تقسیم کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کو سیاست سے بالاتر رکھا جانا چاہیے۔
صوبائی وزیر نے تلاش اور پیداوار کی سرگرمیوں کے تحفظ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تیل اور گیس کی تلاش میں اضافے سے صوبائی رائلٹی کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں کنوؤں کی کامیابی کی شرح عالمی اوسط سے زیادہ ہے۔