پاکستان نے اس امر پر زور دیا ہے کہ ایران کے جوہری معاملے کو پرامن ذرائع سے حل کیا جائے۔
یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے ایران سے متعلق 1737 کمیٹی کے ماہرین کے پینل کے بارے میں مسودۂ قرارداد پر سلامتی کونسل میں ووٹنگ کے دوران کہی۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان کا بدستور یہ مؤقف ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق حل طلب معاملات کے حل کیلئے سفارت کاری اور مذاکرات ہی رہنماء اصول ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سفارتی روابط کو اولیت دینے اور محاذ آرائی و تنازع سے گریز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
عاصم افتخار نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں طے پانے والے وعدوں پر عمل درآمد کریں، مذاکرات کی میز پر واپس آئیں اور سفارت کاری کو اپنا کردار ادا کرنے کا موقع دیں، تاکہ علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے مفاد میں پیشرفت ممکن ہو سکے۔