کل جماعتی حریت کانفرنس نے تنازعہ کشمیر اور کشمیری عوام پرجاری بھارتی مظالم پر آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر کے بیان کاخیرمقدم کیا ہے۔
سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آرمی چیف کے اس بیان کو حق خودارادیت کے حصول کے لئے پاکستان کے عزم کا مضبوط اعادہ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا اس بیان سے حق خودارادیت کے حصو ل کیلئے کشمیریوں کا حوصلہ بلند ہوگا۔
ادھر آج ''برداشت اور روا داری '' کے عالمی دن پر کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میںکہا گیا کہ نریندر مودی کے دور حکومت میں بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف عدم برداشت میں خطر ناک حد تک اضافہ ہو ا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بی جے پی نے رواداری کو فروغ دینے کے بجائے اقلتیوںکو نشانہ بنانے، ان پرتشدد، انکی املاک تباہ کرنے اور انکے مذہبی مقامات پر حملوں کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔
رپورٹ میںکہا گیا ہے کہ ہندوتوا نظریے کی حامل بھارتی فورسز مقبوضہ جموں وکشمیرمیں حق خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میںشہریوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنارہی ہیں۔
نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے جموں میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں سے انکی زمینیں، نوکریا ں اور دیگر اہم وسائل چھین کر غیر کشمیریوں کو دیے جا رہے ہیں ۔
ادھر نیوزی لینڈ نے بھارتی اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے سکھز فار جسٹس کو خالصتان ریفرنڈم کے انعقاد کی اجازت دے دی ہے جو کل آکلینڈ کے علاقے اوٹیا اسکوائرمیں ہونے والا ہے۔ مقامی حکام نے سکھ برادری کو یقین دلایا ہے کہ ریفرنڈم طے شدہ منصوبے کے مطابق آگے بڑھے گا۔