بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کشمیریوں کی ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبانے کے لئے اپنی فوجی طاقت اور ہندوتوا پر مبنی پالیسیاں استعمال کررہی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگرمیں ایک بیان میں نہتے شہریوں کے خلاف جاری بھارتی مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کیاہے۔
انہوں نے مقبوضہ علاقے میں سیاسی اختلاف رائے کو دبانے اور سماجی سرگرمیوں کوروکنے کیلئے مودی حکومت کی جانب سے استعمال کیے جانے والے ظالمانہ ہتھکنڈوں کی مذمت کی۔
عبدالرشید منہاس نے اس بات کا اعادہ کیاکہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری حق خودارادیت کے لئے اپنی جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے مقامی آبادی میں خوف وہراس پھیل گیاہے۔
مزید برآں کشمیری صحافیوں کو شدید بھارتی مظالم کا سامنا کرنا' قابض حکام انہیں زمینی حقائق کی رپورٹنگ سے روکتے ہیں اس لئے انہیں سنگین نتائج کے خطرے کے تحت من گھڑت کہانیاں شائع کرنے پر مجبور کیا جاتاہے۔