Thursday, 21 November 2024, 02:09:08 pm
 
حریت کانفرنس کا کشمیریوں پر ہندوتوا ایجنڈا بڑھانے کی کوششوں سے ہوشیار رہنے پرزور
November 09, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ہندوتوا ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی مودی حکومت کی کوششوں سے ہوشیاررہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں ایک اجلاس میں خبردار کیا کہ کوئی بھی فرد یا گروہ بی جے پی، آر ایس ایس یا ان کے کسی بھی حمایتی کے ساتھ تعاون نہ کرے کیونکہ اس طرح کا تعاون حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کیلئے نقصان دہ ہے۔

اجلاس میں املاک کی ضبطی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںکی بھی شدید مذمت کی گئی اور اسے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان اور حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے بالترتیب سرینگر اور اسلام آباد میں اپنے الگ الگ اجلاس میں علامہ محمد اقبال کو ان کے یوم ولادت کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے ڈوگرہ حکومت کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت پر علامہ اقبال کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ ان کی شاعری کشمیریوں کو بھارتی مظالم کے خلاف مزاحمت کیلئے تحریک دیتی رہے گی۔

ادھر بھارتی حکام نے مقبوضہ وادی کے ضلع کپواڑہ میں چار کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔

ایک اور پیش رفت میں بھارتی پولیس نے ضلع کشتواڑ میں پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ۔ گرفتار کیے گئے افراد کیخلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

بھارتی حکام مختلف حیلوں بہانوں سے کشمیریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ مقامی آبادی کو دھمکایا جائے اور کسی بھی قسم کے اختلاف کو دبایا جائے۔