وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت تحریک انصاف کے ساتھ بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھانے کی خواہشمند ہے۔
آج(جمعرات) اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ بدعنوانی کے معاملے پر کوئی ڈیل یا این آر او نہیں ہو گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اُنیس کروڑ پائونڈ کا القادر ٹرسٹ کیس ملکی تاریخ میں بدعنوانی کا سب سے بڑا سکینڈل ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بانی کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں اور انہوں نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی اور فرح گوگی کے ساتھ اربوں روپے کی لوٹ مار کی۔
پاکستانی معیشت کے حوالے سے ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پالیسی ریٹ اور مہنگائی میں کمی دو بڑی کامیابیاں ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ گزشتہ دس ماہ سے زائد عرصے کے دوران ملک میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری آنا شروع ہو گئی ہے۔