وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم خصوصی ریلیف سکیم کے تحت ایندھن کی فراہمی پرمالی اعانت کے حصول کیلئے رجسٹریشن اور دیگر ضروری طریقہ کار سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔
وہ اسلام آباد میں موٹر سائیکلوں، رکشوں اور آٹھ سو سی سی گاڑیوں کیلئے سکیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مالی اعانت کے حصول کی رجسٹریشن کیلئے درکار ایس ایم ایس مفت کیا جائے۔
ایندھن سبسڈی سکیم گزشتہ رات اسلام آباد کے رہائشیوں کیلئے شروع کی گئی جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے لوگ کل اور پرسوں کی درمیانی رات سے اس سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔
وزیراعظم نے ملک بھر میں منتخب نمائندوں اور رضاکاروں کو متحرک کرنے پر زور دیا تاکہ شہریوں کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری طریقہ کار میں معاونت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے حکام کو ذرائع ابلاغ کے ذریعے وسیع پیمانے پر آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ رجسٹریشن کیلئے صرف چار بنیادی معلومات درکار ہیں جس میں کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ شامل ہیں۔