صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سٹرٹیجک باہمی اعتماد کو برقرار اور مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے، جس کیلئے اعلی سطح کے تبادلے، مضبوط عوامی روابط اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا ضروری ہے۔
وہ چین کیلئے نامزد سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی سے گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلق پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ترین پہلو ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سیاسی خیرسگالی کو مزید اقتصادی اور صنعتی انضمام میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے سی پیک ٹو کے تحت کاروباری تعاون پر توجہ مرکوز کرنے کا خیرمقدم کیا اور خصوصاً نوجوانوں کی مہارتوں کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے جدید زراعت، مصنوعی ذہانت اور نئی ٹیکنالوجیز میں تعاون پر زور دیا۔
صدر نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ چینی حکومت کے اداروں، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت، تھنک ٹینکس، علمی اداروں اور میڈیا کے ساتھ فعال رابطے برقرار رکھیں اور طلبہ کے تبادلوں سمیت عوامی روابط کو فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ سال شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے صدر شی جن پنگ کے پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں۔