سعودی عرب کیلئے حج پروازوں کی روانگی پوری رفتار سے جاری ہے اورعازمین حج نے حکومت کی جانب سے حج کے بہترین انتظامات پر مکمل اطمینان ظاہر کیا ہے۔
عازمین حج کے ایک گروپ نے ریڈیو پاکستان کے نمائندے سے گفتگو میں وزارت مذہبی امور کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
ایک معمر خاتون نے بتایا کہ حکومت کے انتظامات توقع سے بھی بہتر تھے۔
سعودی عرب جانے والے عازمین حج نے بہترین انتظامات پر موجودہ حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا جن کی بدولت وہ مسجد نبوی میں زیادہ خشوع وخضوع سے عبادات کرسکیںگے۔
شعبہ گمشدہ اشیاء کے سیل کے انچارج رانا مجاہد نے حجاج اور ان کے سامان کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے کئے گئے مختلف اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گمشدہ سامان کی اب تک کی تمام ترانوے شکایات کامیابی سے نمٹا دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاپتہ ہونے والے عازمین حج کے بارے میں سولہ شکایات موصول ہوئیں اور ان سب کا پتہ لگا کر انہیں ان کے متعلقہ گروپوں تک پہنچا دیا گیا ہے۔
رانا مجاہد نے کہا کہ مدینہ میں وزارت کا عملہ دن رات کام کررہا ہے تاکہ عازمین حج کیلئے خوشگوار حج یقینی بنایا جاسکے۔