Sunday, 16 March 2025, 12:02:11 pm
 
پاکستان کا اسلامو فوبیا کی بڑھتی لہر سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کا مطالبہ
March 15, 2025

پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات پر عمل درآمد کیا جائے۔

اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسلامو فوبیا پر مبنی بیان بازی، نفرت انگیز تقاریر اور مسلم کمیونٹیز، مساجد اور مقدس نشانات پر حملوں کے واقعات بنیادی انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی جنگ میں ایک سرکردہ آواز کے طور پر پاکستان تمام مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان رواداری، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ کام جاری رکھنے کا منتظر ہے۔