قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور بنگلہ دیش کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کیلئے ثقافتی اور عوامی روابط بڑھانے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان سے آج اسلام آباد میں ملاقات میں کہی۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم، صحت، زراعت اور ثقافتی تعاون کو بڑھانے کی وسیع گنجائش ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سے بنگلہ دیش کو سفید چاول کی برآمد کے حوالے سے یادداشت پر دستخط سے دوطرفہ تجارت بڑھانے میں مدد ملے گی۔
صدر نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافتی مماثلت پر مبنی ہیں۔
اس موقع پربنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے صحت اور سیاحت کے شعبوں میں تعلقات بڑھانے کے امکانات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی طلباء بھی پاکستانی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔