Sunday, 16 March 2025, 12:32:25 pm
 
نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع کی یکساں فراہمی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
March 15, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز معیار کے اعتبار سے دنیا کے صف اول کے تعلیمی اداروں میں شامل ہوگی۔

انہوں نے آج (ہفتہ) اسلام آباد میں یونیورسٹی کے مقام کے دورے کے موقع پر ملک کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے سب کیلئے معیاری تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز کیلئے ایک سو ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے اور اسے سپریم کورٹ کی جانب سے قومی خزانے میں منتقل کئے گئے اُنیس کروڑ پائونڈز سے تعمیر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا پہلا شعبہ آئندہ سال چودہ اگست کو فعال کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں اطلاقی علوم پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور اس اقدام سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔

شہباز شریف نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی میں صرف ہونہار طلباء کوخالصتاً میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے گا اور مستحق طلباء کو مفت تعلیم دی جائے گی۔