کالعدم انتشاری کمیٹی احتجاج کو چھوڑ کر جانے والے شہریوں کو ڈرانے اور دھمکانے لگی ہے۔ آزاد جموں و کشمیر پولیس نے کالعدم انتشاری کمیٹی کے بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈا کو مکمل مسترد کر دیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے عوام انتشاری کمیٹی کی شرپسندی کو مسترد کر کے واپس لوٹ رہے ہیں۔ آئی جی آزاد جموں و کشمیر پولیس نے احتجاج چھوڑ کر واپس جانے والوں کیلئے سفری سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان آئی جی آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی معصوم لوگوں کو ورغلا اور لالچ دے کر راولاکوٹ لائی تھی۔ آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع کے افراد شرپسند کمیٹی کے رہنماؤں کے مجرمانہ کردار اور شرپسندی کے باعث احتجاج چھوڑ کر واپس جانا چاہتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ واپس اپنے گھروں کو جانے کے خواہشمند افراد کو انتشاری کمیٹی کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ احتجاج چھوڑ کر جانے والوں کو گرفتار کرنے کی بات سراسر بے بنیاد، غلط، جھوٹی اور گمراہ کن پروپیگنڈا ہے۔
ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ پولیس کی جانب سے اپنے گھروں کو واپسی کے خواہشمند نوجوانوں کی حفاظت و واپسی کے لیے راولاکوٹ میں سہولت مراکز بنائے گئے ہیں۔ اپنے گھروں کو واپسی کے خواہشمند نوجوان پولیس سے رابطے میں رہ کر بلا خوف اپنے گھروں کو واپس جا سکتے ہیں۔